Pages

Wednesday, March 9, 2011

گیلانی جونیئر اپنے والد سے 4 گنا زیادہ امیر ہیں

اسلام آباد- جون 2010 ء میں الیکشن کمیشن میں داخل کرائے گئے جائیداد کے تازہ ترین گوشواروں کے مطابق وزیراعظم کا بیٹا عبدالقادر گیلانی ان سے چار گنا زیادہ امیر ہے حالانکہ ان گوشواروں میں گیلانی جونیئر کی ملتان سٹی اورڈی ایچ اے کراچی میں خریدی گئی نئی جائیداد کا تذکرہ نہیں ہے
وزیراعظم کی آمدنی کاواحد ذریعہ انہیں ملنے والی تنخواہ ہے جبکہ ان کے بیٹے نے پرائز بانڈ میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جس کے نتیجے میں ان کی آمدنی میں150 فیصداضافہ ہوا ہے جو 2 ملین سے بڑھ کر جون 2010 ء میں 5 ملین ہوگئی جبکہ زرعی آمدنی اس کے علاوہ ہے دستاویزات کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے اپنی تنخواہ سے کسی بھی پاکستانی سے زیادہ بچت کی انہوں نے ایک سال کے دوران 9 لاکھ 71 ہزار3 سو 40 روپے تنخواہ کی مد میں وصول کئے جبکہ اس دوران ان کے اخراجات 4 لاکھ روپے رہے اس طرح انہوں نے 5 لاکھ 71 ہزار3 سو 40 روپے کی بچت کی اس طرح ان کے اثاثے ایک کروڑ89 لاکھ8 ہزار 4 سو 84 سے بڑھ کر جون 2010 ء میں ایک کروڑ94 لاکھ 79 ہزار8سو 24 ہوگئے دستاویزات سے ظاہر ہوتاہے کہ وزیراعظم گیلانی کاصرف ایک بینک اکاؤنٹ ہے اور جو کسی پاکستانی بینک کی بجائے برٹش بینک اسلام آباد کی برانچ کا ہے وزیراعظم نے 20 ملین کے قریب اپنے اثاثے ظاہر کئے ہیں لیکن ان کے بیٹے عبدالقادرگیلانی کے اثاثوں کی مالیت 75 ملین ہے عبدالقادرگیلانی نے اپنی جائیداد میں دو نئے پلاٹ شامل کئے ہیں ایک ملتان شہر اور دوسراڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کراچی میں ہے لیکن انہوں نے ان کی مالیت کا تذکرہ نہیں کیا تاہم اگران کی مالیت کا سادہ سا اندازہ بھی لگایاجائے توان کے اثاثوں کی مالیت80 ملین سے تجاوز کرجائے گی گوشواروں کے مطابق وزیراعظم کے پاس اپنی کوئی گاڑی نہیں لیکن ان کے بیٹے کے پاس دو گاڑیاں ہیں جن میں ایک امپورٹڈ بلٹ پروف ہے اور جو حج اسکینڈل کے دوران اخبارات کی شہ سرخیوں کی زینت بن چکی ہے دوسری گاڑی ٹویوٹا سرف ہے بلٹ پروف جیپ کی قیمت12.80 ملین جبکہ ٹویوٹا سرف کی 2.2 ملین ظاہر کی گئی ہے اس متنازع بلٹ پروف گاڑی کے سلسلے میں یوسف رضاگیلانی کے بیٹے نے ایف آئی اے کی ٹیم کے سامنے اپنے ذریعہ آمدن سے متعلق جواب دینے سے انکار کردیاتھا تاہم انہوں نے اس کی تصدیق کی تھی کہ یہ مہنگی گاڑی ان کی ہی ہے وزیراعظم گیلانی کے پاس 2 سو تولے سونا ہے اوران کے بیٹے کے پاس 5 سو تولے ہے تاہم ان دونوں کے فرنیچرکی مالیت مساوی یعنی دولاکھ روپے ہے وزیراعظم گیلانی کے پاس ایک بھی پرائز بانڈ نہیں جبکہ گیلانی جونیئر کے پاس 50 لاکھ مالیت کے پرائز بانڈز ہیں 2008 ء کے کاغذات نامزدگی میں ان دونوں نے ا نکم ٹیکس کی مد میں ایک دھیلہ بھی ادائیگی ظاہر نہیں کی تھی باپ بیٹے دونوں نے 2009 ء میں گھرخریدا اس میں باپ نے ملتان میں 6.3 ملین اوربیٹے نے لاہور میں 32.50 ملین کے گھر کی خریداری ظاہر کی وزیراعظم کے پاس اب بھی کوئی زمین نہیں لیکن ان کے بیٹے کے پاس116 ایکڑ زمین ہے اوریہ تمام انہیں مختلف ذرائع سے تحفے میں ملی ہے علاوہ ازیں ڈی ایچ اے کراچی اورملتان میں دورہائشی پلاٹ ہیں وزیراعظم کے ترجمان شبیر انور اور عبدالقادرگیلانی نے ان کو کئے گئے ٹیلیفونز اوربھجوائے گئے میسجز کاکوئی جواب نہیں دیا وزیراعظم کے ترجمان نے یکم مارچ کوبھیجے گئے ان سوالوں کا بھی جواب نہیں دیاجس کیلئے انہوں نے ایک دن کا وقت مانگاتھا ان کوبھجوائے گئے سوالات درج ذیل ہیں 1 وزیراعظم کے2009 ء کے اثاثوں کے گوشوارے کے مطابق انہوں نے موضع حامد پور کینورا میں ورثے میں ملنے والی اپنی جائیداد بیج کر ملتان میں ایک مکان خریدا جبکہ وزیراعظم کے بیٹے نے اسی سال مذکورہ موضع میں ایک قطعہ اراضی اپنے نام سے ظاہر کی کیا یہ باپ نے براہ راست بیٹے کو بیچی تھی یا پھرکسی تیسرے شخص کو دی تھی جس نے یہ جائیداد باپ سے خرید کر بیٹے کو تحفے میں دی2 وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی میں ان کارہائشی پتہ گیلانی ہاؤس غوث اعظم روڈملتان درج ہے جبکہ ان کے خریدے گئے نئے گھر کا پتہ 2566/2 وارڈ نمبر2 گیلانی کالونی ملتان لکھا گیا ہے کیا میں یہ جان سکتا ہوں کہ ان کے پرانے مکان کا اصل مالک کون تھا؟3 وزیراعظم کی اہلیہ فوزیہ گیلانی نے نیب سے بچنے کیلئے زیڈ ٹی پی ایل کو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کئے تھے تاہم 2008 ء اور2009 ء کے اثاثوں میں یہ ذکر نہیں کہ اس رقم کا بندوبست کہاں سے کیاگیا4 وزیراعظم کے گوشواروں کے مطابق وزیراعظم کا بینک اکاؤنٹ کسی پاکستانی بینک میں نہیں بلکہ برکلے بینک میں ہے کیایہ صحیح ہے عبدالقادرگیلانی کی جانب سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں پریس کو جو وضاحت جاری کی اس میں کسی بات کی تردید نہیں کی گئی بلکہ اس بات پر زوردیاگیا کہ وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کو بدنام کرنے کیلئے مہم چلائی جارہی ہے حالانکہ دی نیوز تووہی کچھ قارئین کو بتارہا ہے جس کااعتراف وزیراعظم اوران کے بیٹے نے الیکشن کمیشن میں کیاہے Daily Jang