لاہور - دو پاکستانیوں کے قتل میں ملوث امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے کیس کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی ، آئندہ سماعت پر ملزم پر فرد جرم عائد کی جائے گی، منگل کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں دو پاکستانیوں کے قتل میں ملوث امریکی شہری کے کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج یوسف اوجلا نے کی تو سماعت کے دوران مقتولین کے وکیل اسد منظور بٹ جبکہ ریمنڈ ڈیوس کی جانب سے سید زاہد حسین بطور وکیل پیش ہوئے ، سماعت کے دوران امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو ایک بار پھر چالان کی کاپی دی گئی جو اس نے لینے سے انکار کر دیا۔ سماعت کے دوران امریکی قونصل جنرل کارمیلا کانرائے بھی موجود تھیں ۔ جیل ذرائع کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے سماعت سے قبل امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس سے ملاقات کی اور کیس کے حوالے سے بات چیت کی۔ سماعت کے دوران امریکا سے آئے ہوئے دو ماہر قانون بھی موجود تھے جو انسداد دہشت گردی کے خصوصی جج یوسف اوجلا کی اجازت کے بعد سماعت کے دوران بیٹھے رہے ۔ Daily Jang